وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کا وزیراعظم کو خط، وجہ کیابنی ؟اہم مسئلہ سامنے آ گیا

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کا وزیراعظم کو خط، وجہ کیابنی ؟اہم مسئلہ سامنے آ گیا

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کا وزیراعظم کو خط، سی این جی سیکٹر کو گیس فراہمی بحال کرنے کا مطالبہ۔

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی نے وزیراعظم پاکستان کو خط لکھ کر صوبے میں سی این جی سیکٹر کو گیس فراہمی کی معطلی کا معاملہ فوری طور پر حل کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

خط میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ خیبرپختونخوا قدرتی گیس پیدا کرنے والا بڑا صوبہ ہے، اس لیے اسے آئینی حق سے محروم نہیں کیا جا سکتا۔ وزیراعلیٰ کے مطابق صوبہ تقریباً 494 ایم ایم سی ایف ڈی گیس پیدا کرتا ہے جبکہ اس کا استعمال صرف 120 ایم ایم سی ایف ڈی ہے۔

خط میں بتایا گیا ہے کہ سی این جی سیکٹر کو 36 سے 40 ایم ایم سی ایف ڈی گیس درکار ہے، جو اس وقت کھاد کے شعبے کو منتقل کی جا رہی ہے۔ گیس کی بندش سے صوبے میں بے چینی اور امن و امان کے مسائل پیدا ہونے کا خدشہ بھی ظاہر کیا گیا ہے۔

وزیراعلیٰ نے مؤقف اختیار کیا کہ آئین کے آرٹیکل 158 کے تحت گیس پیدا کرنے والے صوبے کو اس کے استعمال کا پہلا حق حاصل ہے، جبکہ پشاور ہائیکورٹ بھی سی این جی اسٹیشنز کی بندش کو غیر منصفانہ قرار دے چکی ہے۔

خط میں مزید کہا گیا ہے کہ سی این جی سیکٹر کی بندش سے ہزاروں افراد کے روزگار متاثر ہونے کا خدشہ ہے جبکہ ٹرانسپورٹ سیکٹر بڑی حد تک سی این جی پر انحصار کرتا ہے۔ مہنگے ایندھن کے استعمال سے عوام پر اضافی مالی بوجھ بھی پڑے گا

وزیراعلیٰ نے وزیراعظم سے سی این جی سیکٹر کو گیس فراہمی فوری بحال کرنے اور مشترکہ مفادات کونسل کا اجلاس بلا کر اس معاملے کو ایجنڈے میں شامل کرنے کی بھی درخواست کی ہے۔

Scroll to Top