اسلام آباد، پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے موبائل فون سمز اور واٹس ایپ کے استعمال سے متعلق صارفین کے لیے ایک اہم اور ہنگامی انتباہ جاری کیا ہے۔

واٹس ایپ اکاؤنٹ بلاک ہونے کا خطرہ،پی ٹی اے کا صارفین کو انتباہ

اسلام آباد، پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے موبائل فون سمز اور واٹس ایپ کے استعمال سے متعلق صارفین کے لیے ایک اہم اور ہنگامی انتباہ جاری کیا ہے۔

پی ٹی اے کی جانب سے سوشل میڈیا پر جاری کردہ ایک پیغام میں صارفین کو خبردار کیا گیا ہے کہ ان کی ڈیجیٹل شناخت ان کی اپنی ذمہ داری ہے، اس لیے اپنے واٹس ایپ سے منسلک غیر فعال یا غیر رجسٹرڈ سمز کی بروقت تصدیق ہر صورت یقینی بنائیں۔

پی ٹی اے کا کہنا ہے کہ اگر کسی صارف کا واٹس ایپ اکاؤنٹ کسی ایسی موبائل سم پر چل رہا ہے جو غیر فعال، بلاک، منسوخ شدہ یا غیر رجسٹرڈ ہےتو وہ اکاؤنٹ جلد ہی ناقابل رسائی ہو سکتا ہے اور صارف اپنے اکاؤنٹ سے ہاتھ دھو سکتا ہے۔

اتھارٹی نے واضح کیا کہ اپنے واٹس ایپ اکاؤنٹس، قیمتی چیٹس، اہم رابطوں اور ڈیجیٹل شناخت کے تحفظ کے لیے یہ انتہائی ضروری ہے کہ واٹس ایپ نمبر صرف اور صرف ایک فعال اور رجسٹرڈ سم پر ہی منتقل ہو۔

اس حوالے سے پی ٹی اے نے صارفین کو فوری طور پر حفاظتی اقدامات اٹھانے کی ہدایت کی ہے۔ پی ٹی اے کے مطابق اگر ضرورت ہو تو بائیو میٹرک تصدیق اور سم کی توثیق کے لیے صارفین فوری طور پر اپنی قریبی موبائل فرنچائز یا کسٹمر سروس سینٹر سے رجوع کریں۔

اس کے علاوہ اگر موجودہ سم بند یا غیر فعال ہو چکی ہے تو بغیر وقت ضائع کیے اپنا واٹس ایپ اکاؤنٹ کسی دوسری تصدیق شدہ اور فعال سم پر منتقل کر لیں۔

اتھارٹی نے صارفین پر زور دیا ہے کہ وہ اپنے اکاؤنٹ کے غیر متوقع طور پر لاگ آؤٹ ہونے کا انتظار نہ کریں کیونکہ ان کا موبائل نمبر ہی ان کی اصل ڈیجیٹل شناخت ہے۔

Scroll to Top