پشاور: خیبرپختونخوا حکومت نے صوبے کے میدانی علاقوں میں موسم گرما کی تعطیلات کا اعلان کر دیا ہے، جس کے تحت تعلیمی ادارے 22 مئی 2026 سے بند کر دیے جائیں گے۔
محکمہ تعلیم کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق میدانی علاقوں میں گرمیوں کی تعطیلات 31 اگست 2026 تک جاری رہیں گی۔
حکام کے مطابق پہلے یہ تعطیلات یکم جون سے شروع ہونا تھیں، تاہم عید الاضحیٰ کی تعطیلات اور 22 مئی کے بعد آنے والی جمعہ، ہفتہ اور اتوار کی ہفتہ وار چھٹیوں کے باعث تعطیلات کا آغاز قبل از وقت کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ خیبرپختونخوا کے میدانی اور سرد ترین پہاڑی علاقوں کے لیے موسم گرما کی تعطیلات کا شیڈول پہلے سے طے شدہ ہے، جس کے مطابق مختلف علاقوں میں موسم اور تعلیمی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے الگ الگ تعطیلات دی جائیں گی۔
یہ بھی پڑھیں : ایپل کی نئی آفر، صارفین کے لیے بڑی خوشخبری
محکمہ تعلیم حکام کے مطابق صوبے کے سرد ترین پہاڑی علاقوں میں موسم گرما کی تعطیلات یکم جولائی سے 31 جولائی 2026 تک ہوں گی۔
حکام کا کہنا ہے کہ شدید گرمی اور موسمی صورتحال کے پیش نظر طلبہ اور اساتذہ کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے یہ فیصلہ کیا گیا ہے، جبکہ تمام تعلیمی اداروں کو جاری کردہ شیڈول پر عمل درآمد کی ہدایت بھی کر دی گئی ہے۔





