پشاور، تھانہ خزانہ پولیس نے اندھے قتل کا سراغ لگاتے ہوئے واردات میں ملوث ملزم کو گرفتار کرلیا۔
پولیس کے مطابق ابتدائی تفتیش میں واقعہ مستورات کے تنازعے کا شاخسانہ نکلا، جبکہ ملزم کے قبضے سے آلہ قتل پستول بھی برآمد کرلیا گیا ہے۔
پولیس کے مطابق 2 جون 2026ء کو تھانہ خزانہ کی حدود اراضیات ارٹ میں گاڑی کے اندر بیٹھے شہری ارشد علی کو فائرنگ کرکے قتل کردیا گیا تھا۔
واقعے کے بعد مقتول کے بھائی احمد علی کی مدعیت میں نامعلوم ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی گئی تھی۔
پولیس حکام نے واقعے میں ملوث ملزمان کا سراغ لگانے اور قتل کے اصل حقائق سامنے لانے کے لیے خصوصی ٹیم تشکیل دی جس نے جدید سائنسی خطوط پر مختلف پہلوؤں سے تفتیش کرتے ہوئے واردات میں ملوث ملزم کا سراغ لگا کر اسے گرفتار کرلیا۔
یہ بھی پڑھیں: اسلام آباد پولیس کے 40 افسران کی ترقی، 5 سب انسپکٹرز انسپکٹر بن گئے
پولیس کے مطابق گرفتار ملزم کا تعلق ناساپہ بخشوپل سے ہے، دورانِ تفتیش ملزم نے ارشد علی کے قتل میں ملوث ہونے کا اعتراف کرتے ہوئے واقعے کو مستورات کے تنازعے کا نتیجہ قرار دیا۔
پولیس نے ملزم کی نشاندہی پر آلہ قتل پستول بھی برآمد کرلیا ہے، جبکہ گرفتار ملزم سے مزید تفتیش جاری ہے۔





