خیبر پختونخوا: گزشتہ رات تیز آندھی اور بارش کے نقصانات کی تفصیل جاری

پشاور: خیبر پختونخوا میں گزشتہ رات ہونے والی تیز آندھی اور موسلادھار بارش کے باعث مختلف اضلاع میں جانی و مالی نقصان کی اطلاعات سامنے آئی ہیں، جبکہ پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے نقصانات کی ابتدائی رپورٹ جاری کر دی ہے۔

پی ڈی ایم اے کے مطابق خراب موسم کے دوران مختلف علاقوں میں گھروں کی دیواریں اور چھتیں گرنے کے متعدد واقعات پیش آئے، جن کے نتیجے میں 2 افراد جاں بحق جبکہ 11 زخمی ہوگئے۔ زخمیوں کو فوری طور پر قریبی اسپتالوں میں منتقل کیا گیا جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔

رپورٹ کے مطابق متاثرہ اضلاع میں بٹگرام، مردان، شانگلہ، سوات، تورغر اور دیر اپر شامل ہیں، جہاں تیز ہواؤں اور بارش نے معمولاتِ زندگی کو متاثر کیا۔ کئی علاقوں میں گھروں کو جزوی نقصان پہنچنے کی بھی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : پاکستانی نژاد ڈاکٹر آصف محمود کی امریکی کمیشن میں دوبارہ تقرری

پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ تمام متعلقہ ضلعی انتظامیہ کو ہدایات جاری کر دی گئی ہیں کہ متاثرہ خاندانوں کو فوری ریلیف اور امدادی سہولیات فراہم کی جائیں، جبکہ نقصانات کا مکمل تخمینہ لگانے کے لیے سروے کا عمل بھی جاری ہے۔

ادارے نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ خراب موسم کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور احتیاطی تدابیر اختیار کریں تاکہ کسی بھی ممکنہ حادثے سے محفوظ رہا جا سکے۔

Scroll to Top