پاکستان نے بھارتی پروازوں کیلئے فضائی حدود کی بندش میں توسیع کر دی

اسلام آباد: حکومتِ پاکستان نے بھارتی پروازوں کے لیے پاکستانی فضائی حدود کی بندش میں مزید توسیع کرتے ہوئے پابندی 24 جون تک برقرار رکھنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ اس حوالے سے پاکستان ائیرپورٹس اتھارٹی کی جانب سے نیا نوٹم جاری کر دیا گیا ہے۔

جاری کردہ نوٹم کے مطابق بھارتی رجسٹرڈ کمرشل طیاروں، فوجی طیاروں اور بھارتی ائیرلائنز کے زیر استعمال تمام طیاروں کے لیے پاکستانی فضائی حدود میں داخلہ بدستور ممنوع رہے گا۔

پاکستان ائیرپورٹس اتھارٹی نے واضح کیا ہے کہ پابندی صرف بھارتی ائیرلائنز تک محدود نہیں بلکہ ایسے طیارے بھی اس کی زد میں آئیں گے جو بھارتی کمپنیوں نے لیز پر حاصل کر رکھے ہیں یا جنہیں بھارتی شہری ملکیت یا آپریٹ کر رہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : سلہٹ ٹیسٹ میں گرما گرمی، رضوان بنگلادیشی کھلاڑیوں پر برہم

حکام کے مطابق فضائی حدود کی بندش سے متعلق فیصلہ موجودہ صورتحال اور قومی سلامتی کے تناظر میں برقرار رکھا گیا ہے، جبکہ اس پابندی کے باعث بھارتی پروازوں کو متبادل فضائی راستے استعمال کرنا پڑ رہے ہیں۔

واضح رہے کہ پاکستان نے گزشتہ سال 23 اپریل سے بھارتی طیاروں کے لیے اپنی فضائی حدود بند کر رکھی ہیں، جس کے بعد اب ایک بار پھر اس پابندی میں توسیع کر دی گئی ہے۔

Scroll to Top