ٹانک: ضلع ٹانک میں سیکیورٹی فورسز کے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران تین خوارج مارے گئے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ سیکیورٹی فورسز نے خوارج کی موجودگی کی اطلاع پر ٹانک میں آپریشن کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آپریشن کے دوران سیکیورٹی اہلکاروں نے خوارج کے ٹھکانے کو مؤثر طریقے سے نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں تین خوارج ہلاک ہوئے۔ آپریشن کے دوران ہلاک ہونے والوں سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا۔ پاک فوج کے ترجمان کا کہنا تھا کہ ہلاک خوارج سیکیورٹی فورسز اور معصوم شہریوں کے خلاف دہشت گردانہ کارروائیوں میں ملوث تھے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے میں کسی ممکنہ خارجی کو ختم کرنے کے لیے سینیٹائزیشن آپریشن بھی کیا گیا۔ سیکیورٹی فورسز نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ وہ ملک سے دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: خیبرپختونخوا میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائیاں، 13 خوارج ہلاک