راولپنڈی کی اڈیالہ جیل میں آج اہم سیاسی ملاقاتوں کا دن ہے، جہاں بانی پی ٹی آئی سے پارٹی رہنماؤں اور اہل خانہ کی ملاقات متوقع ہے۔ ملاقات کے لیے رہنماؤں کی فہرست جیل حکام کے حوالے کر دی گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق جمعرات بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کا مقررہ دن ہونے کے باعث پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے 6 اہم شخصیات پر مشتمل فہرست ارسال کی گئی۔ فہرست میں ایم این اے شاہ احد، ایم این اے سہیل سلطان، سلمان بھابا، شاہد نومی، طیبہ راجہ اور ساجدہ بیگم کے نام شامل ہیں۔
دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف کا کہنا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کی فیملی بھی آج ملاقات کے لیے اڈیالہ جیل پہنچے گی۔ اہم سیاسی ملاقاتوں کے باعث جیل کے اطراف سیاسی سرگرمیوں میں بھی اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔





