آنکھیں جسم کے انتہائی حساس اور نازک حصوں میں شمار ہوتی ہیں جن پر گرمی کی شدت اور دھوپ کا براہ راست اثر پڑتا ہے۔
ماہرین کے مطابق شدید گرمی میں آنکھوں کو خصوصی دیکھ بھال اور احتیاط کی ضرورت ہوتی ہے کیونکہ اس موسم میں جلن، خارش، سرخی اور پانی آنے جیسے مسائل عام ہو جاتے ہیں۔
ماہرین صحت کا کہنا ہے کہ گرمیوں میں آنکھوں کو دن میں 3 سے 4 بار ٹھنڈے پانی سے دھونا مفید ثابت ہوتا ہے جس سے جلن اور سرخی میں کمی آتی ہے۔
اسی طرح زیادہ دیر تک کمپیوٹر یا موبائل اسکرین کے استعمال سے وژن سنڈروم کا خطرہ بڑھ جاتا ہے جس سے بچاؤ کے لیے ہر 30 منٹ بعد 5 سے 10 منٹ تک اسکرین سے نظر ہٹا کر آنکھوں کو آرام دینا ضروری ہے۔
ماہرین نے آنکھوں کی نمی برقرار رکھنے پر بھی زور دیا ہے، اور کہا ہے کہ خشکی، سوجن یا جلن کی صورت میں ڈاکٹر کے مشورے سے آئی ڈراپس کا استعمال کیا جا سکتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:مضر صحت لسی پینے سے 3 بچوں سمیت ایک ہی خاندان کے 5 افراد کی حالت غیر
دھوپ میں باہر نکلتے وقت سن گلاسز کے استعمال کو بھی انتہائی اہم قرار دیا گیا ہے تاکہ سورج کی مضر شعاعوں سے آنکھوں کو محفوظ رکھا جا سکے، بڑے شیشے اور گہرے رنگ والے چشمے بہتر تحفظ فراہم کرتے ہیں۔
کمرے میں مناسب روشنی کو آنکھوں کی صحت کے لیے ضروری قرار دیا گیا ہے خاص طور پر مطالعے کے دوران مناسب روشنی آنکھوں پر دباؤ کم کرتی ہے اور دھندلاہٹ کے خطرے کو کم کرتی ہے۔
ماہرین کے مطابق وٹامن اے، وٹامن سی اور معدنیات سے بھرپور غذا جیسے ہری سبزیاں، موسمی پھل، دودھ، دہی اور پنیر کا استعمال بھی آنکھوں کی صحت کے لیے انتہائی فائدہ مند ہے۔





