امریکا ایران مذاکرات مکمل ہونے کے قریب، معاہدے کے زیادہ تر معاملات طے پا گئے، صدر ٹرمپ

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکا ایران اور خطے کے مختلف ممالک کے درمیان امن سے متعلق ایک اہم معاہدہ حتمی مرحلے میں داخل ہو چکا ہے۔

وائٹ ہاؤس کے اوول آفس سے جاری اپنے بیان میں صدر ٹرمپ نے کہا کہ انہوں نے سعودی عرب کے ولی عہد محمد بن سلمان، متحدہ عرب امارات کے صدر محمد بن زاید النہیان، قطر کے امیر تمیم بن حمد آل ثانی، پاکستان کے فیلڈ مارشل عاصم منیر، ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان، مصر کے صدر عبدالفتاح السیسی، اردن کے شاہ عبداللہ دوم اور بحرین کے شاہ حمد بن عیسیٰ آل خلیفہ سمیت دیگر رہنماؤں سے تفصیلی گفتگو کی۔

صدر ٹرمپ کے مطابق یہ رابطے اسلامی جمہوریہ ایران اور خطے میں امن سے متعلق مفاہمتی یادداشت کے مختلف پہلوؤں پر ہوئے۔

انہوں نے کہا کہ امریکا، ایران اور دیگر متعلقہ ممالک کے درمیان ایک معاہدے پر بڑی حد تک اتفاق ہو چکا ہے تاہم چند نکات پر حتمی مشاورت جاری ہے۔

یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم پاکستان اور فیلڈ مارشل کی مخلصانہ کوششوں سے مثبت پیشرفت کی امید ہے، ایرانی سفیر

امریکی صدر نے کہا کہ ان کی اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو سے بھی گفتگو ہوئی جو مثبت رہی۔

صدر ٹرمپ نے مزید کہا کہ معاہدے کی آخری تفصیلات جلد طے پا جائیں گی جس کے بعد باضابطہ اعلان کیا جائے گا۔ صدر ٹرمپ کے مطابق مجوزہ معاہدے کے تحت آبنائے ہرمز کو بھی کھول دیا جائے گا۔

Scroll to Top