پاکستان میں تعینات ایرانی سفیر رضا امیری مقدم نے کہا ہے کہ پاکستان کی مخلصانہ سفارتی کوششوں کے باعث ایران سے متعلق مذاکرات میں مثبت پیشرفت کی امید پیدا ہوئی ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے بیان میں ایرانی سفیر نے کہا کہ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے تہران سے واپسی پر ایرانی حکام سے کامیاب مذاکرات پر مبارکباد دی۔
رضا امیری مقدم کا کہنا تھا کہ اگر دوسرا فریق سنجیدگی کا مظاہرہ کرے تو مزید مثبت پیشرفت ممکن ہے، انہوں نے کہا کہ حالیہ پیشرفت ایران کے مؤقف، بہادر افواج کی استقامت اور ایرانی قوم کی مزاحمت کا نتیجہ ہے۔
ایرانی سفیر نے پاکستان کی سفارتی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر نے خطے میں امن کے قیام کے لیے مخلصانہ کردار ادا کیا۔
یہ بھی پڑھیں: امریکا اور ایران کے درمیان مجوزہ امن معاہدے کو حتمی شکل دے دی گئی،واشنگٹن پوسٹ کا دعویٰ
انہوں نے مزید کہا کہ نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور وزیر داخلہ محسن نقوی نے بھی سفارتی سطح پر اہم کوششیں کیں جن پر ایران پاکستان کا تہہ دل سے شکر گزار ہے۔
ایرانی سفیر رضا امیری مقدم نے امید ظاہر کی کہ پاکستانی قیادت کی یہ کوششیں خطے میں پائیدار امن کے قیام کا باعث بنیں گی۔





