حج کے دوران شدید گرمی کی پیشگوئی، سعودی قومی مرکز برائے موسمیات نے الرٹ جاری کر دیا

سعودی عرب کے قومی مرکز برائے موسمیات نے حج کے ایام کے دوران ملک کے مختلف حصوں میں شدید موسمی صورتحال کے پیشِ نظر الرٹ جاری کر دیا ہے۔

موسمیاتی ادارے کے مطابق حج کے دوران شدید گرمی کی لہر برقرار رہنے کا امکان ہے اور مقدس شہروں سمیت بیشتر علاقوں میں درجہ حرارت معمول سے کافی زیادہ رہے گا، جس کے باعث عازمینِ حج کو سخت موسمی حالات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

 نجران، ریاض، مشرقی صوبے، تبوک اور دیگر بعض علاقوں میں گرد آلود ہوائیں اور ریت کے طوفان متوقع ہیں جبکہ جازان، عسیر اور الباحہ کے پہاڑی علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا بھی امکان ہے۔

یہ بھی پڑھیں: خیبرپختونخوا کے کن علاقوں میں آج شدید گرمی پڑے گی؟ نئی اپڈیٹ جاری

موسمیاتی حکام نے عازمینِ حج کو ہدایت کی ہے کہ وہ دھوپ میں غیر ضروری نقل و حرکت سے گریز کریں، زیادہ سے زیادہ پانی اور مشروبات کا استعمال یقینی بنائیں اور ہیٹ اسٹروک و پانی کی کمی سے بچنے کے لیے احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔

دوسری جانب دنیا بھر سے لاکھوں عازمینِ حج کی سعودی عرب آمد کا سلسلہ جاری ہے جبکہ سعودی حکام عازمین کی حفاظت اور سہولت کے لیے موسمی صورتحال پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہیں۔

Scroll to Top