واشنگٹن میں واقع وائٹ ہاؤس کے باہر فائرنگ کی آوازیں سنی گئی ہیں جس کے بعد علاقے میں سکیورٹی ہائی الرٹ کر دی گئی۔
وائٹ ہاؤس کے قریب فائرنگ کے واقعے میں سیکریٹ سروس کی جوابی کارروائی کے دوران مبینہ حملہ آور ہلاک ہو گیا جبکہ دو افراد زخمی ہوئے ہیں۔
امریکی نشریاتی ادارے سی این این کے مطابق فائرنگ کے اس واقعے میں دو افراد زخمی بھی ہوئے ہیں جنہیں طبی امداد کے لیے قریبی ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔
امریکی اور روسی میڈیا رپورٹس کے مطابق وائٹ ہاؤس کے باہر درجنوں گولیاں چلنے کی آوازیں سنی گئیں جس کے فوراً بعد عمارت کو لاک ڈاؤن کر دیا گیا۔
واقعے کے بعد وائٹ ہاؤس کے نارتھ لان کو خالی کرا لیا گیا جبکہ صحافیوں کو پریس بریفنگ روم منتقل کر دیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: وائٹ ہاؤس ڈنر میں فائرنگ! حملہ آور کی شناخت سامنے آ گئی، استاد نکلا، اسلحے سمیت اندر کیسے پہنچا؟ تحقیقات جاری
ذرائع کے مطابق یونائیٹڈ اسٹیٹ سیکرٹ سروس کے اہلکار فوری طور پر موقع پر پہنچ گئے اور علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔ وائٹ ہاؤس کے ارد گرد پولیس کی بھاری نفری بھی تعینات کر دی گئی۔
رپورٹس کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو سکیورٹی اداروں نے فوری طور پر محفوظ مقام پر منتقل کر دیا۔
سکیورٹی اداروں کی جانب سے علاقے کی ناکہ بندی کر دی گئی ہے جبکہ واقعے کی نوعیت اور محرکات کے حوالے سے تحقیقات جاری ہیں۔





