وائٹ ہاؤس میں نامہ نگاروں کے اعزاز میں منعقدہ عشائیے کے دوران فائرنگ کے واقعے میں گرفتار مشتبہ شخص کی شناخت سامنے آ گئی ہے، جس کے مطابق حملہ آور ایک سابق ٹیچر نکلا ہے۔
خبر ایجنسی Reuters کے مطابق قانون نافذ کرنے والے ایک اہلکار نے ملزم کی شناخت کول تھامس ایلن کے نام سے کی ہے، جو لاس اینجلس کا رہائشی ہے۔
سوشل میڈیا رپورٹس کے مطابق 31 سالہ کول ایک کیلٹیک گریجویٹ ہے اور وہ پارٹ ٹائم ٹیچر کے ساتھ ساتھ گیم ڈویلپر کے طور پر بھی کام کرتا رہا ہے۔
ڈسٹرکٹ آف کولمبیا پولیس ڈپارٹمنٹ کے سربراہ کے مطابق ابتدائی تحقیقات سے ظاہر ہوتا ہے کہ مشتبہ شخص واشنگٹن ہلٹن ہوٹل کا مہمان تھا، تاہم حملے کا اصل مقصد تاحال واضح نہیں ہو سکا۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ یہ بھی تحقیقات کا حصہ ہے کہ حملہ آور اسلحے سمیت سکیورٹی حصار کے اندر کیسے داخل ہوا۔ واقعے کی مکمل تفتیش جاری ہے اور مزید تفصیلات سامنے آنے کا انتظار کیا جا رہا ہے۔





