وزارتِ صحت نے کہا ہے کہ پاکستان میں ایبولا وائرس کے خطرات انتہائی کم ہیں اور صورتحال مکمل طور پر قابو میں ہے۔
ترجمان وزارتِ صحت کے مطابق عالمی ادارۂ صحت نے کانگو اور یوگنڈا میں ایبولا کے حالیہ پھیلاؤ کو عالمی ہنگامی صورتحال قرار دیا ہے.
یہ وائرس اس وقت صرف افریقی ممالک تک محدود ہے اور افریقہ سے باہر کسی بھی ملک میں ایبولا کا کوئی کیس رپورٹ نہیں ہوا، پاکستان اور ہمسایہ ممالک میں بھی اب تک کوئی مریض سامنے نہیں آیا۔
وزارتِ صحت کا کہنا ہے کہ محدود سفری روابط کے باعث پاکستان میں خطرہ نہ ہونے کے برابر ہے، تاہم احتیاطی اقدامات کے طور پر نگرانی مزید سخت کر دی گئی ہے۔
ایئرپورٹس پر اسکریننگ کو مؤثر بنایا گیا ہے اور بارڈر ہیلتھ سروسز کو الرٹ رہنے کی ہدایت جاری کی گئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: موت کا وائرس بے قابو، کانگو میں ایبولا نے تباہی مچا دی
ترجمان کے مطابق وزیرِ صحت مصطفیٰ کمال کی ہدایت پر پیشگی اقدامات کیے جا رہے ہیں جبکہ نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ہیلتھ صورتحال پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہے اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے مکمل تیار ہے۔





