بنوں میں سکیورٹی فورسز کا بڑا آپریشن، 2 اہم خوارجی سرغنوں سمیت 16 دہشت گرد ہلاک، 2 پولیس اہلکار شہید۔
بنوں میں سیکیورٹی فورسز نے خوارج کے خلاف بڑی کارروائی کرتے ہوئے 2 اہم دہشت گرد سرغنوں سمیت 16 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا، جبکہ آپریشن کے دوران 2 پولیس اہلکار جامِ شہادت نوش کر گئے۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق بنوں کے علاقے میریان میں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر پاک فوج، محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) اور پولیس نے مشترکہ آپریشن کیا۔
کارروائی کے دوران علاقے میں خوف و ہراس پھیلانے والے خوارجی سرغنہ زمری نور اور افغان کمانڈر عبداللہ سعید کو بھی ہلاک کر دیا گیا۔ ذرائع کے مطابق یہ دہشت گرد مختلف تخریبی کارروائیوں میں مطلوب تھے۔
سیکیورٹی حکام کا کہنا ہے کہ انتہائی کٹھن اور طویل آپریشن کے دوران فورسز نے دہشت گردوں کے کئی ٹھکانے بھی تباہ کر دیے اور علاقے کو کلیئر کر لیا گیا۔
آپریشن کے دوران پولیس کے دو جوان، کانسٹیبل وحید اللہ خان اور نوراللہ خان فرض کی ادائیگی کے دوران شہید ہوگئے۔ شہداء کی نماز جنازہ پولیس لائنز بنوں میں سرکاری اعزاز کے ساتھ ادا کی گئی، جس میں اعلیٰ سول و عسکری حکام، علاقہ عمائدین اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق پاک فوج، پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے ادارے فتنہ الخوارج کے دہشت گردوں کے خلاف کارروائیاں پوری شدت سے جاری رکھے ہوئے ہیں اور آخری دہشت گرد کے خاتمے تک یہ آپریشنز جاری رہیں گے۔





