شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان جلد خطے میں ترقی کے سفر میں چین کا ہم قدم بنے گا، جبکہ دونوں ممالک کی دوستی اب نئی بلندیوں کو چھو رہی ہے۔
چین کے شہر ہانگژو میں پاک چین دوستی کے 75 سال مکمل ہونے کے موقع پر منعقدہ پاک چین بزنس ٹو بزنس فورم سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ پاک چین دوستی سمندر سے گہری، ہمالیہ سے بلند اور اب آسمانوں کو چھو رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ خوبصورت شہر ہانگژو شی جن پنگ کے وژن کا عکاس ہے، جنہوں نے چین کو عالمی معاشی اور عسکری طاقت بنایا۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان بھی جلد ترقی اور خوشحالی کے سفر میں چین کے شانہ بشانہ کھڑا ہوگا۔
شہباز شریف نے بتایا کہ پاک چین تعاون کے تحت طے پانے والے 30 فیصد مفاہمتی یادداشتیں (ایم او یوز) باقاعدہ معاہدوں میں تبدیل ہو چکی ہیں، جن کی مالیت اربوں ڈالر ہے
انہوں نے کہا کہ حکومت نوجوانوں کو آئی ٹی ٹریننگ اور عالمی معیار کی سرٹیفکیشن فراہم کر رہی ہے تاکہ انہیں جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کیا جا سکے۔ ان کے مطابق چین کے ساتھ تعاون کے اہم شعبوں میں زراعت، آئی ٹی، اکنامک زونز، مائنز اور منرلز شامل ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان معدنی وسائل سے مالا مال ملک ہے اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کو سرمایہ کاری کی دعوت دیتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کو قرضوں کے بجائے سرمایہ کاری اور مہارت کی ضرورت ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ زرعی پیداوار میں اضافے کے لیے جدید بیج، مشینری اور جدید طریقہ کار اپنائے جائیں گے جبکہ دیہی علاقوں میں لاکھوں چھوٹے کاروبار قائم کر کے ویلیو ایڈیشن کو فروغ دیا جائے گا۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ اکنامک زونز میں سرمایہ کاروں کو ون ونڈو آپریشن اور ریڈ کارپیٹ سہولیات فراہم کی جائیں گی، جبکہ کراچی میں 6 ہزار ایکڑ پر عالمی معیار کا اسپیشل اکنامک زون بھی تعمیر کیا جا رہا ہے۔





