پاکستان آج ون ڈے کرکٹ میں نئی تاریخ رقم کرے گا، 1000 میچز کھیلنے والی دنیا کی تیسری ٹیم بننے کا اعزاز
پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان تین ون ڈے میچز پر مشتمل سیریز کا آغاز آج راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں ہوگا، جہاں قومی ٹیم ایک تاریخی سنگِ میل بھی عبور کرنے جا رہی ہے۔
سیریز کا پہلا ون ڈے میچ شام 4:30 بجے شروع ہوگا، جبکہ اس مقابلے کے ساتھ ہی پاکستان ون ڈے کرکٹ کی تاریخ میں اپنا 1000 واں میچ کھیلے گا۔ یوں قومی ٹیم یہ اعزاز حاصل کرنے والی دنیا کی تیسری ٹیم بن جائے گی۔
اس سے قبل صرف آسٹریلیا اور بھارت کی ٹیمیں 1000 یا اس سے زائد ون ڈے انٹرنیشنل میچز کھیلنے کا سنگِ میل عبور کر چکی ہیں، جبکہ پاکستان اب اس منفرد فہرست میں شامل ہونے جا رہا ہے۔
سیریز میں پاکستان کی قیادت شاہین شاہ آفریدی کریں گے، جبکہ آسٹریلوی ٹیم کی قیادت جوش انگلس کے سپرد ہوگی۔ دونوں ٹیموں نے میچ کے لیے بھرپور تیاریاں مکمل کر لی ہیں اور شائقین ایک سنسنی خیز مقابلے کے منتظر ہیں۔
اعداد و شمار کے مطابق پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان اب تک 111 ون ڈے انٹرنیشنل میچز کھیلے جا چکے ہیں۔ ان مقابلوں میں آسٹریلیا کو واضح برتری حاصل رہی ہے، جس نے 71 میچز جیتے، جبکہ پاکستان 36 میچز میں کامیاب رہا۔ چند میچز بے نتیجہ بھی رہے۔
کرکٹ ماہرین کے مطابق تاریخی سنگِ میل کے موقع پر قومی ٹیم کی کوشش ہوگی کہ آسٹریلیا کے خلاف کامیابی حاصل کر کے اس یادگار دن کو مزید خاص بنا دیا جائے۔





