خیبر پختونخوا سے افسوسناک خبر آگئی

خیبر پختونخوا سے افسوسناک خبر آگئی

عید کے تین روز خیبر پختونخوا میں حادثات اور ہنگامی واقعات، 43 افراد جاں بحق، 1500 سے زائد زخمی

عیدالاضحیٰ کے دوران خیبر پختونخوا میں ٹریفک حادثات، فائرنگ، ڈوبنے، آتشزدگی اور دیگر ہنگامی واقعات میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جس کے نتیجے میں 43 افراد جان کی بازی ہار گئے جبکہ 1500 سے زائد افراد زخمی ہوئے۔

ریسکیو 1122 کے ترجمان بلال احمد فیضی کے مطابق عید کے تین دنوں کے دوران صوبے بھر میں درجنوں ہنگامی صورتحال کا سامنا کرنا پڑا۔ رپورٹ کے مطابق مختلف نوعیت کے 56 بڑے ہنگامی واقعات، 32 جرائم، 10 ڈوبنے کے واقعات اور 101 آتشزدگی کے واقعات پیش آئے۔

ترجمان کے مطابق ٹریفک حادثات، فائرنگ اور دیگر واقعات میں مجموعی طور پر 43 افراد جاں بحق جبکہ 1500 سے زائد افراد زخمی ہوئے۔ زخمیوں میں قربانی کے دوران حادثات کا شکار ہونے والے متعدد قصائی بھی شامل ہیں۔

ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ عیدالاضحیٰ کے موقع پر صوبے بھر کے ڈیموں، نہروں، دریاؤں اور سیاحتی مقامات پر خصوصی عارضی کیمپس قائم کیے گئے تھے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹا جا سکے۔ ڈی جی ریسکیو شاہ فہد کی ہدایت پر خصوصی مانیٹرنگ سیل بھی فعال رکھا گیا۔

اعداد و شمار کے مطابق عید کے دنوں میں 992 میڈیکل ایمرجنسیز میں مریضوں کو بروقت اسپتال منتقل کیا گیا، جبکہ صوبے بھر میں 321 روڈ ٹریفک حادثات رونما ہوئے جن میں زیادہ تر موٹر سائیکل سوار متاثر ہوئے۔

دوسری جانب پشاور میں بھی آتشزدگی کے 10 سے زائد واقعات رپورٹ ہوئے، جبکہ ریسکیو اداروں نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے متعدد مقامات پر بڑے نقصانات سے بچاؤ ممکن بنایا۔

حکام نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ ٹریفک قوانین کی پابندی کریں، آبی مقامات پر احتیاط برتیں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری طور پر ریسکیو اداروں سے رابطہ کریں۔

Scroll to Top