پی ٹی آئی پارلیمانی پارٹی کا اہم اجلاس آج طلب، بانی پی ٹی آئی کی رہائی اور آئندہ حکمت عملی پر غور ہوگا۔
وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی پارلیمانی پارٹی کا اہم اجلاس آج شام طلب کر لیا ہے۔ پارٹی کے تمام اراکین اسمبلی کو اجلاس میں اپنی شرکت یقینی بنانے کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں بانی پی ٹی آئی کی رہائی کے حوالے سے جاری سیاسی صورتحال اور پارٹی کے آئندہ لائحہ عمل پر تفصیلی غور کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ صوبے کی مجموعی سیاسی صورتحال اور تنظیمی معاملات بھی زیر بحث آئیں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں ناراض اراکین اسمبلی کی شرکت بھی متوقع ہے، جہاں وہ اپنے تحفظات اور گلے شکوے پارٹی قیادت کے سامنے رکھیں گے۔ اراکین اسمبلی صوبے میں امن و امان کی موجودہ صورتحال اور اپنے حلقوں کو درپیش مسائل سے بھی وزیراعلیٰ کو آگاہ کریں گے۔
سیاسی حلقوں کے مطابق اجلاس کو پارٹی کے اندرونی معاملات اور مستقبل کی حکمت عملی کے حوالے سے اہم قرار دیا جا رہا ہے، جبکہ اس دوران اہم فیصلوں اور سفارشات کا بھی امکان ہے۔





