ممکنہ سیلاب اور شدید بارشیں، وزیراعظم کی تمام اداروں کو تیار رہنے کی ہدایت

Pakistan SCO Summit 2026

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے ملک میں جاری مون سون بارشوں اور ممکنہ سیلابی صورتحال کے پیش نظر تمام متعلقہ اداروں کو ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے مکمل طور پر تیار رہنے کی ہدایت کردی۔

وزیراعظم شہباز شریف سے چیئرمین نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر ملک نے ملاقات کی، جس میں انہوں نے وزیراعظم کو حالیہ مون سون سیزن کے دوران شدید بارشوں اور ممکنہ سیلاب سے نمٹنے کے لیے کیے گئے پیشگی انتظامات پر بریفنگ دی۔

ملاقات کے دوران چیئرمین این ڈی ایم اے نے وزیراعظم کو مون سون سیزن کے متوقع رجحان اور صوبوں سمیت مختلف اداروں کے باہمی تعاون سے جاری انتظامات سے بھی آگاہ کیا۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ وزیراعظم کی ہدایات کی روشنی میں پیشگی اقدامات کیے گئے ہیں اور متعلقہ ادارے مون سون سیزن کی مؤثر نگرانی کر رہے ہیں۔ ملک میں کسی بھی ہنگامی موسمی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تمام متعلقہ ادارے ریسکیو اور ریلیف سرگرمیوں کے لیے تیار ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : خیبر پختونخوا میں موسلادھار بارش، کئی علاقے زیر آب آگئے

وزیراعظم شہباز شریف نے ہدایت کی کہ بارشوں سے متاثرہ علاقوں میں شہریوں کو ہر ممکن امداد اور ریلیف فراہم کرنے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں۔

انہوں نے بارشوں کے دوران رابطہ سڑکوں اور پلوں پر ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کی ہدایت کرتے ہوئے امدادی سامان کی بروقت ترسیل کے لیے متعلقہ محکموں کے ساتھ روابط مزید مؤثر بنانے پر بھی زور دیا۔

وزیراعظم نے این ڈی ایم اے کو ہدایت کی کہ ممکنہ سیلابی صورتحال کے پیش نظر متعلقہ صوبائی اداروں اور صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹیز (پی ڈی ایم ایز) کے ساتھ مؤثر اور مسلسل رابطہ رکھا جائے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں بروقت اقدامات یقینی بنائے جاسکیں۔

وزیراعظم شہباز شریف نے واضح کیا کہ بارشوں اور ممکنہ سیلاب سے متاثرہ عوام کو ریلیف فراہم کرنے میں کسی قسم کی غفلت نہیں ہونی چاہیے اور تمام ادارے باہمی تعاون سے اپنی ذمہ داریاں انجام دیں۔

Pakistan SCO Summit 2026
Scroll to Top