خیبرپختونخوا، وزیراعلیٰ سہیل آفریدی ناراض ایم پی ایز کو منانے میں متحرک، رابطے اور ملاقاتیں جاری
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی پارٹی کے ناراض اراکین اسمبلی کو منانے کے لیے متحرک ہو گئے ہیں اور اس سلسلے میں اہم ملاقاتیں اور رابطے جاری ہیں۔
ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ سہیل آفریدی رات گئے رکن صوبائی اسمبلی عبدالغنی آفریدی کی رہائش گاہ پہنچے، جہاں پارٹی معاملات اور تحفظات پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔ پی ٹی آئی ذرائع کا کہنا ہے کہ کابینہ میں شامل نہ کیے جانے پر بعض اراکین نے ناراضگی کا اظہار کیا تھا۔
ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ نے متعدد ناراض ایم پی ایز سے ٹیلی فونک رابطے بھی کیے ہیں اور ان کے تحفظات سے پارٹی کی مرکزی قیادت کو آگاہ کیا ہے۔ پارٹی ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ مرکزی قیادت نے وزیراعلیٰ کو ہدایت کی ہے کہ ناراض اراکین کو مناسب طور پر اکاموڈیٹ کیا جائے۔
دوسری جانب رکن اسمبلی عبدالغنی آفریدی نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ سے ملاقات میں ضلع خیبر کی مجموعی ترقی اور عوامی مسائل پر تفصیلی بات چیت ہوئی۔ ان کا کہنا تھا کہ ملاقات میں عوامی مسائل کے حل اور ترقیاتی امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔





