خیبر پختونخوا کا ٹیکس فری بجٹ تیار، حجم 2300 ارب روپے سے تجاوز کرنے کا امکان

خیبر پختونخوا کا ٹیکس فری بجٹ تیار، حجم 2300 ارب روپے سے تجاوز کرنے کا امکان

خیبرپختونخوا کا ٹیکس فری بجٹ تیار، آئندہ مالی سال میں حجم 2300 ارب روپے سے تجاوز کرنے کا امکان۔

خیبرپختونخوا حکومت نے آئندہ مالی سال 27-2026 کے لیے بجٹ اور سالانہ ترقیاتی پروگرام کی تیاری مکمل کر لی ہے، جس کے تحت صوبائی حکومت ٹیکس فری بجٹ پیش کرنے جا رہی ہے۔

ذرائع کے مطابق آئندہ مالی سال کے بجٹ کا مجموعی حجم 2300 ارب روپے سے زائد رہنے کا امکان ہے۔ بجٹ کے لیے مرکز سے 1671 ارب روپے ملنے کی توقع ہے، جن میں 159 ارب روپے دہشت گردی کے خلاف جنگ کے اخراجات کے لیے شامل ہوں گے۔

مزید بتایا گیا ہے کہ بجلی کے خالص منافع کی مد میں صوبے کو 107 ارب روپے ملنے کا امکان ہے، جن میں 36 ارب روپے آئندہ سال جبکہ 71 ارب روپے ماضی کے بقایاجات کی صورت میں فراہم کیے جائیں گے۔

صوبائی حکومت کو اپنے وسائل سے 150 ارب روپے آمدن کی توقع ہے، جس میں 99 ارب روپے ٹیکسوں اور 51 ارب روپے دیگر ذرائع سے حاصل ہوں گے۔ اسی طرح ضم اضلاع میں جاری ترقیاتی منصوبوں کے لیے 334 ارب روپے مختص کیے جانے کا امکان ہے۔

ذرائع کے مطابق غیر ملکی ترقیاتی امداد کا حجم 160 ارب روپے تک رہنے کی توقع ہے۔ بندوبستی اضلاع کے لیے 1971 ارب روپے کے بجٹ کا تخمینہ لگایا گیا ہے، جس میں 1545 ارب روپے جاری اخراجات جبکہ 426 ارب روپے ترقیاتی منصوبوں پر خرچ کیے جائیں گے۔

واضح رہے کہ رواں مالی سال 26-2025 کے لیے صوبائی بجٹ کا حجم 2119 ارب روپے تھا، جبکہ ضم اضلاع کے لیے 293 ارب روپے مختص کیے گئے تھے۔ مالی سال کے پہلے تین سہ ماہیوں میں 1025 ارب روپے خرچ کیے جا چکے ہیں۔

Scroll to Top