خیبرپختونخوا کے وزیر اطلاعات شفیع جان نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پارلیمانی پارٹی اجلاس آج ہوگا، تمام ارکان وزیراعلیٰ کی قیادت میں متحد ہیں۔
تفصیلات کے مطابق خیبرپختونخوا کے وزیر اطلاعات شفیع جان نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف خیبرپختونخوا کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس آج منعقد ہوگا، جس کی صدارت وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کریں گے۔
اپنے بیان میں شفیع جان نے کہا کہ اجلاس میں پارٹی کے تمام اراکین صوبائی اسمبلی شرکت کریں گے اور اہم سیاسی و عوامی امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ پارٹی کے تمام اراکین اسمبلی وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کی قیادت پر مکمل اعتماد رکھتے ہیں اور ان کی قیادت میں متحد ہیں۔ شفیع جان کے مطابق وزیراعلیٰ باقاعدگی سے پارلیمانی پارٹی کے اجلاس منعقد کرتے ہیں تاکہ اراکین اسمبلی کے ساتھ مشاورت اور عوامی مسائل کے حل کے لیے مؤثر حکمت عملی مرتب کی جا سکے۔
وزیر اطلاعات نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کے تمام اراکین صوبائی اسمبلی بانی چیئرمین عمران خان کے وژن کے مطابق عوامی خدمت کے لیے پُرعزم ہیں اور صوبائی حکومت عوامی فلاح و بہبود کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کی قیادت میں خیبرپختونخوا حکومت شفافیت، ترقی اور عوامی خدمت کے ایجنڈے پر گامزن ہے اور عوام کو درپیش مسائل کے حل کو اپنی اولین ترجیح سمجھتی ہے۔





