منکی پاکس کے کیسز میں اضافہ، مزید 4 مریضوں میں وائرس کی تصدیق

ملتان میں منکی پاکس کے کیسز سامنے آنے کے بعد تشویش کی لہر دوڑ گئی۔

نشتر ہسپتال انتظامیہ کے مطابق اسپتال میں مجموعی طور پر پانچ مریض زیر علاج ہیں جن میں سے چار میں منکی پاکس وائرس کی تصدیق ہو چکی ہے جبکہ ایک مشتبہ مریض کی رپورٹ کا انتظار کیا جا رہا ہے۔

ہسپتال انتظامیہ کے مطابق تصدیق شدہ مریضوں میں تین مرد اور ایک خاتون شامل ہیں، متاثرہ افراد کا تعلق شجاع آباد، چترال اور مظفرگڑھ سے بتایا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق منکی پاکس کے متاثرہ مریضوں میں میاں بیوی بھی شامل ہیں، جس کے بعد محکمہ صحت نے مریضوں کی نگرانی اور ان کے قریبی رابطوں کا ڈیٹا اکٹھا کرنے کا عمل تیز کر دیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: خیبر:منکی پاکس کے پھیلاؤ کا خدشہ، جمرود میں 12 دن کے لیے اسمارٹ لاک ڈاؤن نافذ

نشتر ہسپتال انتظامیہ کا کہنا ہے کہ تمام مریضوں کو آئسولیشن میں رکھا گیا ہے اور انہیں طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔

محکمہ صحت نے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے اور مشتبہ علامات ظاہر ہونے کی صورت میں فوری طور پر قریبی اسپتال سے رجوع کرنے کی ہدایت کی ہے۔

ماہرین صحت کے مطابق بروقت تشخیص اور احتیاطی اقدامات کے ذریعے وائرس کے پھیلاؤ کو مؤثر انداز میں روکا جا سکتا ہے۔

Scroll to Top