بجٹ کی تیاری کے سلسلے میں سالانہ پلان کوآرڈینیشن کمیٹی کا اجلاس آج ہوگا

اسلام آباد: آئندہ مالی سال 27-2026 کے بجٹ کی تیاری کے سلسلے میں سالانہ پلان کوآرڈی نیشن کمیٹی (APCC) کا اہم اجلاس آج وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال کی زیر صدارت منعقد ہوگا، جس میں ترقیاتی بجٹ، معاشی اہداف اور آئندہ مالی سال کی ترجیحات پر غور کیا جائے گا۔

ذرائع کے مطابق اجلاس میں آئندہ مالی سال کے ترقیاتی بجٹ کی منظوری دی جائے گی، جبکہ پبلک سیکٹر ڈویلپمنٹ پروگرام (PSDP) کے لیے 1126 ارب روپے مختص کرنے کی تجویز بھی زیر غور آئے گی۔

اجلاس میں ملک کی اقتصادی کارکردگی اور ترقیاتی اہداف کا تفصیلی جائزہ لیا جائے گا، جبکہ آئندہ مالی سال کے لیے مجموعی طور پر 4 فیصد جی ڈی پی گروتھ کا ہدف مقرر کرنے کی تجویز بھی پیش کی جائے گی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں وفاقی وزارتوں اور صوبائی نمائندوں کی شرکت متوقع ہے، جو اپنے اپنے ترقیاتی منصوبوں سے متعلق سفارشات پیش کریں گے۔

یہ بھی پڑھیں : اسلام آباد میں نئی اوقاتِ کار پابندیاں نافذ، مارکیٹس رات 8 بجے بند ہوں گی

اجلاس میں وفاق اور صوبوں کے جاری اور نئے ترقیاتی منصوبوں کا بھی جائزہ لیا جائے گا تاکہ قومی سطح پر ترقیاتی ترجیحات کو حتمی شکل دی جا سکے۔

ذرائع کے مطابق سالانہ پلان کوآرڈی نیشن کمیٹی کی سفارشات بعد ازاں قومی اقتصادی کونسل (NEC) کو ارسال کی جائیں گی، جس کا اجلاس 3 جون کو وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت متوقع ہے۔

حکام کے مطابق یہ اجلاس آئندہ مالی سال کے بجٹ کی تیاری میں ایک اہم سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے، جہاں ترقیاتی پروگرام اور معاشی اہداف سے متعلق اہم فیصلوں کی بنیاد رکھی جائے گی۔

Scroll to Top