گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے وزیر دفاع خواجہ آصف سے اسلام آباد میں اہم ملاقات کی، جس میں ڈیرہ اسماعیل خان کے ایوی ایشن منصوبوں سے متعلق اہم امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران گورنر خیبرپختونخوا نے اولڈ ڈیرہ ایئرپورٹ کے رن وے کے باقی ماندہ کام کی جلد تکمیل اور ضروری آلات کی فراہمی کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے اس سلسلے میں وزیر دفاع کے کردار کو انتہائی اہم قرار دیا۔
ذرائع کے مطابق ملاقات میں ڈیرہ اسماعیل خان کے پرانے ایئرپورٹ کو کمرشل فلائٹس آپریشن کے لیے بحال کرنے کے منصوبے پر بھی گفتگو ہوئی، جبکہ علاقے میں زیر غور نئے گرین فیلڈ انٹرنیشنل ایئرپورٹ منصوبے میں ہونے والی پیش رفت کا بھی جائزہ لیا گیا۔
اس موقع پر گورنر خیبرپختونخوا نے کہا کہ مجوزہ گرین فیلڈ انٹرنیشنل ایئرپورٹ نہ صرف ڈیرہ اسماعیل خان بلکہ پورے خطے کی معاشی صورتحال کو بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔
ملاقات کے اختتام پر گورنر نے ایئرپورٹ منصوبوں کی بحالی اور پیش رفت کے حوالے سے وزیر دفاع خواجہ آصف کی کاوشوں کو سراہا۔





