کیپٹل سٹی پولیس پشاور نے تھانہ سربند کی حدود پشتخرہ بالا میں عیدالاضحیٰ کے روز گھر کے اندر ہونے والی ڈکیتی اور اندھے قتل کے افسوس ناک واقعے کا ڈراپ سین کرتے ہوئے مقتول کے سگے بھائی کو اس کے ساتھی سمیت گرفتار کر لیا ہے ۔
تفصیلات کے مطابق افسرانِ بالا کی خصوصی ہدایات پر ایس پی کینٹ ڈویژن عبد اللہ احسان کی نگرانی میں ڈی ایس پی پشتخرہ سرکل عمر آفریدی اور ایس ایچ او تھانہ سربند عثمان خان پر مشتمل پولیس ٹیم نے جدید سائنسی اور تکنیکی بنیادوں پر جامع تفتیش کرتے ہوئے اس لرزہ خیز مقدمے کو حل کیا۔ گرفتار ملزمان کی شناخت مقتول ریحان کے سگے بھائی محمد وقاص اور اس کے ساتھی محمد ولد نواز کے ناموں سے ہوئی ہے۔
ابتدائی تفتیش کے دوران یہ انکشاف سامنے آیا ہے کہ ملزمان نے عید کے روز موقع پا کر پشتخرہ بالا میں واقع گھر میں داخل ہو کر اکیس سالہ جسمانی طور پر معذور ریحان کو تیز دھار آلے کے پے در پے وار کر کے بے دردی سے قتل کیا اور گھر میں موجود لاکھوں روپے نقدی لوٹ کر فرار ہو گئے تھے۔ اس واقعے کا مقدمہ مقتول کے والد محمد حنیف کی مدعیت میں تھانہ سربند میں درج کیا گیا تھا۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ سنگین واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے تشکیل دی گئی خصوصی ٹیم نے مختلف پہلوؤں پر تفتیش کے بعد ملزمان کا سراغ لگا کر انہیں حراست میں لیا۔ گرفتار ملزمان کے قبضے سے لوٹی گئی سولہ لاکھ چھیاسی ہزار روپے کی رقم اور واردات میں استعمال ہونے والا تیز دھار آلہ برآمد کر لیا گیا ہے جبکہ ملزمان سے مزید قانونی تفتیش کی جا رہی ہے۔





