نواز شریف نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گلگت بلتستان کے عوام میرے دل میں بستے ہیں، کسی پارٹی یا حکومت کے خلاف بات نہیں کرنا چاہتا۔
پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور سابق وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان کے عوام ان کے دل میں بستے ہیں اور یہاں کے لوگوں سے انہیں دلی محبت ہے۔
گلگت میں ایک عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے نواز شریف نے کہا کہ عوام کا جوش و خروش دیکھ کر انہیں بے حد خوشی ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ آج کسی سیاسی جماعت یا حکومت کے خلاف بات نہیں کرنا چاہتے بلکہ گلگت بلتستان کے عوام سے اپنی محبت کا اظہار کرنے آئے ہیں۔
نواز شریف نے کہا کہ جب وہ وزیراعظم تھے تو متعدد بار گلگت اور اسکردو کا دورہ کر چکے ہیں اور اس خطے سے ان کا خصوصی لگاؤ ہے۔ انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان اور اسکردو کی خوبصورتی اور عوام کی محبت ہمیشہ ان کے دل کے قریب رہی ہے۔
سابق وزیراعظم نے ترقیاتی امور کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ گلگت میں سڑکوں پر کھڈے دیکھ کربہت دکھ ہوا وہ جس گلگت کو جانتے تھے، آج وہ گلگت نظر نہیں آ رہا، جس پر انہیں افسوس ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ مسلم لیگ (ن) گلگت بلتستان کی ترقی اور عوامی فلاح و بہبود کے لیے اپنا کردار ادا کرتی رہے گی۔
مسلم لیگ (ن) کے صدر و سابق وزیراعظم میاں نواز شریف نے کہا ہے کہ میں کسی جماعت پر تنقید کرکے ووٹ نہیں مانگتا، ہم اپنی کارکردگی کی بنیاد پر ووٹ مانگتے ہیں۔
اجتماع سے خطاب کے دوران نواز شریف نے عوام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ گلگت بلتستان کے لوگوں کی محبت اور استقبال ان کے لیے ہمیشہ باعثِ فخر رہا ہے۔





