خیبر پختونخوا کے مختلف اضلاع میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے جن میں سوات، چترال، دیر، شانگلہ، بونیر اور مالاکنڈ کے نواحی علاقے شامل ہیں۔ زلزلے کے باعث شہریوں میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا اور لوگ گھروں سے باہر نکل آئے۔
بعض علاقوں میں سوات اور گردونواح میں بھی جھٹکوں کی اطلاعات موصول ہوئیں، جبکہ شانگلہ اور بونیر کے مختلف حصوں میں بھی زلزلے کے اثرات محسوس کیے گئے۔
زلزلہ پیما مرکز کے مطابق ریکٹر اسکیل پر زلزلے کی شدت 5.3 ریکارڈ کی گئی جبکہ اس کی گہرائی 191 کلومیٹر بتائی گئی ہے۔زلزلے کا مرکز افغانستان کے کوہ ہندوکش کا پہاڑی سلسلہ بتایا گیا ہے۔
ریسکیو 1122 Rescue 1122 کے مطابق ضلع شانگلہ اور گردونواح میں زلزلے کے جھٹکوں کے بعد ادارے کے تمام اہلکاروں کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے اور صورتحال کی مسلسل مانیٹرنگ جاری ہے۔
ریسکیو 1122 کے کنٹرول روم کے مطابق تاحال کسی بھی قسم کی ایمرجنسی کال موصول نہیں ہوئی اور نہ ہی کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع سامنے آئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں : چترال سے دیر تک زمین لرز اُٹھی، 5.3 شدت کے زلزلے کے جھٹکے محسوس
ریسکیو 1122 شانگلہ کے ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر انجینئر ملک شیر دل خان نے کہا کہ تمام ٹیمیں مکمل طور پر الرٹ ہیں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیار ہیں۔
حکام نے بتایا کہ صورتحال پر قریبی نظر رکھی جا رہی ہے جبکہ ممکنہ آفٹر شاکس کے پیش نظر تمام متعلقہ اداروں کو بھی چوکس کر دیا گیا ہے۔





