بھارتی دارالحکومت نئی دہلی میں ایک کثیر منزلہ عمارت میں لگنے والی خوفناک آگ کے نتیجے میں غیر ملکیوں سمیت 21 افراد ہلاک جبکہ متعدد زخمی ہو گئے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق آتشزدگی کا واقعہ بدھ کے روز نئی دہلی کے علاقے مالویہ نگر میں پیش آیا، جہاں ایک کثیر منزلہ عمارت میں واقع ریسٹورنٹ اچانک آگ کی لپیٹ میں آ گیا۔ دیکھتے ہی دیکھتے آگ نے پوری عمارت کو اپنی لپیٹ میں لے لیا، جس کے باعث بڑے پیمانے پر جانی و مالی نقصان ہوا۔
پولیس حکام کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں غیر ملکی شہری بھی شامل ہیں، جبکہ زخمی افراد کو فوری طور پر قریبی اسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا ہے، جہاں بعض کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔
ریسکیو اور فائر بریگیڈ کے عملے نے کئی گھنٹوں کی جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پایا، تاہم عمارت میں سرچ آپریشن تاحال جاری ہے تاکہ کسی ممکنہ پھنسے ہوئے فرد کو نکالا جا سکے۔
حکام کا کہنا ہے کہ آتشزدگی کی وجوہات فوری طور پر معلوم نہیں ہو سکیں، تاہم واقعے کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق ریسٹورنٹ اور عمارت کا بڑا حصہ جل کر خاکستر ہو چکا ہے۔





