پشاور سے چارسدہ، مردان اور نوشہرہ ریلوے منصوبہ شروع کرنے کا فیصلہ، بجٹ میں فنڈز مختص خیبرپختونخوا کے عوام کے لیے بڑی خوشخبری سامنے آگئی ہے۔
پشاور سے چارسدہ، مردان اور نوشہرہ تک ریلوے سروس بحال کرنے کے منصوبے پر پیش رفت کرتے ہوئے آئندہ مالی سال کے بجٹ میں فنڈز مختص کرنے کی منظوری دے دی گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق ابتدائی مرحلے میں پاکستان ریلوے اور صوبائی حکومت پشاور سے چارسدہ تک ریلوے ٹریک منصوبے پر کام شروع کرنے پر متفق ہوگئے ہیں۔ منصوبے کے پہلے مرحلے میں پشاور اور چارسدہ کے درمیان ریلوے سروس جولائی کے آخر تک شروع کیے جانے کا امکان ہے۔
دوسرے مرحلے میں پشاور سے نوشہرہ جبکہ تیسرے مرحلے میں پشاور سے مردان تک ریلوے سروس چلائی جائے گی۔ متعلقہ اضلاع میں ریلوے ٹریک پہلے سے موجود ہے اور منصوبے کے حوالے سے سروے کا بیشتر کام مکمل کیا جا چکا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ منصوبہ وفاقی حکومت کے تعاون سے شروع کیا جا رہا ہے، جس کے لیے نئے مالی سال کے بجٹ میں خصوصی فنڈز بھی مختص کیے جا رہے ہیں۔ منصوبے کی تکمیل سے عوام کو سفری سہولیات میں بہتری اور ٹریفک کے مسائل میں کمی آنے کی توقع ہے۔





