پشاور کی ضلعی انتظامیہ نے شہر کے مختلف بازاروں میں قائم مہاجر تاجروں کے خلاف کارروائی کے پہلے مرحلے کا آغاز کرتے ہوئے نوٹسز جاری کرنے کی منظوری دے دی ہے۔
ذرائع کے مطابق پشاور کے 60 سے زائد بازاروں میں 45 ہزار سے زائد مہاجر تاجروں کی نشاندہی کی گئی ہے، جنہیں مختلف علاقوں کے اسسٹنٹ کمشنرز کی جانب سے نوٹسز جاری کیے جائیں گے۔ انتظامیہ کے مطابق پہلے مرحلے میں متعلقہ افراد کو قانونی تقاضے پورے کرنے کے لیے نوٹسز دیے جائیں گے، جبکہ دوسرے مرحلے میں ضابطہ کار کے تحت کاروباری مراکز کے خلاف کارروائی کی جا سکتی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وفاقی حکومت کی جانب سے افغان مہاجرین سے متعلق پالیسی کے تحت مختلف ادارے مشترکہ طور پر اقدامات کر رہے ہیں۔ اس سلسلے میں شہر کے متعدد کاروباری مراکز اور بازاروں کا سروے بھی مکمل کیا گیا ہے۔
جن علاقوں کی نشاندہی کی گئی ہے ان میں پرانی سبزی منڈی، فروٹ منڈی چمکنی، آٹا مارکیٹ، اشرف روڈ، چوک یادگار، نمک منڈی، پتھر مارکیٹ، پلاسٹک مارکیٹ، خوشحال بازار، پشاور بورڈ بازار، افغان کالونی، لطیف آباد، پھندو، گنج، حیات آباد اور کارخانو مارکیٹ سمیت دیگر تجارتی مراکز شامل ہیں۔
انتظامیہ کا کہنا ہے کہ تمام کارروائیاں حکومتی پالیسی اور متعلقہ قوانین کے مطابق انجام دی جائیں گی۔





