پختون ڈیجیٹل کی خبر پر وضاحت: پناہ گاہیں بند نہیں ہوں گی، حکومت خیبر پختونخوا

شاہد جان
پشاور: حکومتِ خیبر پختونخوا نے پناہ گاہوں کی بندش اور ملازمین کو جاری کیے گئے نوٹسز سے متعلق خبروں کی وضاحت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پناہ گاہیں بند نہیں کی جا رہیں اور منصوبے میں توسیع کے لیے سفارشات متعلقہ حکام کو ارسال کر دی گئی ہیں۔

حکومتِ خیبر پختونخوا کے ترجمان شفیع جان نے پختون ڈیجیٹل سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پناہ گاہ منصوبے کے ملازمین کو ملازمت سے فارغ نہیں کیا گیا بلکہ منصوبے کی پالیسی کے مطابق پیشگی نوٹس جاری کیے گئے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ پناہ گاہ منصوبہ اس وقت سالانہ ترقیاتی پروگرام (اے ڈی پی) کے تحت چل رہا ہے، جس کی موجودہ مدت 31 جون 2026 کو مکمل ہو رہی ہے۔ منصوبے کے تسلسل کے لیے محکمہ منصوبہ بندی و ترقی (پی اینڈ ڈی) کو توسیع کی سفارشات بھجوائی جا چکی ہیں۔

ترجمان کے مطابق منصوبے کے قواعد و ضوابط کے تحت مدت ختم ہونے سے ایک ماہ قبل ملازمین کو نوٹس جاری کرنا قانونی اور انتظامی تقاضا ہوتا ہے، اسی وجہ سے نوٹسز جاری کیے گئے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اس عمل کو ملازمین کی برطرفی سے تعبیر کرنا درست نہیں۔

یہ بھی پڑھیں : پاکستان اور امریکا کے تعلقات آٹھ دہائیوں پر محیط، دوستی مزید مضبوط ہوگی، وزیراعظم شہباز شریف

شفیع جان نے امید ظاہر کی کہ منصوبے کی مدت میں توسیع کی منظوری مل جائے گی، جس کے بعد جاری کیے گئے نوٹس واپس لے لیے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ منصوبے میں توسیع کی صورت میں ملازمین اپنی ذمہ داریاں حسبِ سابق انجام دیتے رہیں گے۔

Scroll to Top