ایم جی پاکستان نے اپنی پلگ اِن ہائبرڈ ایس یو وی ایم جی ایچ ایس پی ایچ ای وی کے لیے خصوصی فنانسنگ آفر متعارف کرا دی ہے۔
کمپنی کے مطابق اس پیشکش کے تحت صارفین گاڑی ماہانہ 2 لاکھ 6 ہزار 229 روپے کی اقساط پر حاصل کر سکیں گے۔ یہ فنانسنگ پیکیج زیرو مارک اپ اور بغیر کسی پوشیدہ چارجز کے پیش کیا جا رہا ہے۔
ایم جی پاکستان کا کہنا ہے کہ یہ آفر پاکستان میں ہائبرڈ گاڑیوں کے لیے دستیاب نمایاں فنانسنگ پیکیجز میں سے ایک ہے، جس کا مقصد صارفین کو جدید اور ماحول دوست گاڑیوں کی طرف راغب کرنا ہے۔
اس خصوصی منصوبے کے تحت خریداروں کو متعدد مفت سہولیات بھی فراہم کی جائیں گی تاکہ گاڑی کی ابتدائی ملکیتی لاگت میں کمی لائی جا سکے۔
کمپنی کے مطابق پیکیج میں 74 ہزار 243 روپے مالیت کی انشورنس گارنٹی، 3 لاکھ 6 ہزار 869 روپے مالیت کی دو سالہ گاڑی انشورنس، 25 ہزار روپے مالیت کا ٹریکر اور ایک لاکھ 50 ہزار روپے مالیت کا 7 کلو واٹ ہوم چارجر مفت فراہم کیا جائے گا۔
ایم جی پاکستان کے مطابق ان تمام مراعات کی مجموعی مالیت 5 لاکھ 50 ہزار روپے سے زائد بنتی ہے، جس سے پلگ اِن ہائبرڈ گاڑی خریدنے کے ابتدائی اخراجات میں نمایاں کمی واقع ہوگی۔
یہ بھی پڑھیں : بجلی کی قیمتوں میں کمی، نیپرا نے نوٹیفکیشن جاری کر دیا
کمپنی کا کہنا ہے کہ یہ فنانسنگ پلان ملک بھر میں اس کے ڈیلرشپ نیٹ ورک کے ذریعے دستیاب ہوگا۔
دلچسپی رکھنے والے صارفین اپنے قریبی ڈیلر شپ سے رابطہ کر کے ڈاؤن پیمنٹ، فنانسنگ مدت اور دیگر شرائط و ضوابط سے متعلق معلومات حاصل کر سکتے ہیں۔
کمپنی کے مطابق بڑھتی ہوئی ایندھن کی قیمتوں اور متبادل سفری ذرائع کی جانب رجحان کے باعث ہائبرڈ اور برقی گاڑیوں کو زیادہ قابلِ رسائی بنانے کے لیے اس نوعیت کے خصوصی پیکجز متعارف کرائے جا رہے ہیں۔





