چارسدہ: ایف آئی اے کا نادرا سینٹر پر چھاپہ، 4 نادرا اہلکار گرفتار

چارسدہ : فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) نے نادرا سینٹر میں کارروائی کرتے ہوئے چار اہلکاروں کو گرفتار کر لیا۔

ایف آئی اے کے مطابق گرفتار افراد میں اسسٹنٹ ڈائریکٹر اور آفس انچارج وقار احمد، عطااللہ جان، احمد رضا اور سجاد علی شامل ہیں۔

حکام کے مطابق گرفتار ملزمان غیر ملکی، خصوصاً افغان باشندوں کو غیر قانونی طور پر قومی شناختی کارڈز (سی این آئی سیز) جاری کرنے میں ملوث پائے گئے۔ کارروائی کے دوران اہم دستاویزی شواہد اور دیگر قابلِ اعتراض مواد بھی برآمد کر لیا گیا۔

ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرکے باقاعدہ تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ حکام کے مطابق گرفتار ملزم وقار احمد پہلے سے بھی متعدد مقدمات اور انکوائریوں میں زیرِ تفتیش ہے۔

تحقیقات کے دوران سامنے آنے والے شواہد کی بنیاد پر کیس میں ملوث دیگر سہولت کاروں اور ساتھی ملزمان کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر چھاپہ مار کارروائیاں جاری ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : عوامی ایکشن کمیٹی ریاست مخالف سرگرمیوں میں ملوث، صدر آزاد جموں کشمیر نے عوامی ایکشن کمیٹی پر ہمیشہ کے لیے پابندی عائد کر دی

ایف آئی اے حکام نے واضح کیا ہے کہ قومی شناختی نظام کے غلط استعمال میں ملوث عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔

حکام کے مطابق گرفتاری کے وقت ملزمان نے مزاحمت بھی کی، جبکہ ان کی تحویل سے اسلحہ بھی برآمد کر لیا گیا۔

Scroll to Top