پشاور الیکٹرک سپلائی کمپنی (پیسکو) کے بورڈ آف ڈائریکٹرز نے مالی سال 2025-26 کی بہترین کارکردگی کی بنیاد پر ملازمین کے لیے سالانہ بونس کی باقاعدہ منظوری دے دی ہےجس کا باضابطہ نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔
اس فیصلے کے تحت پیسکو کے ریگولر، کنٹریکٹ اور ڈیپوٹیشن پر کام کرنے والے تمام ملازمین کو ایک ماہ کی بنیادی تنخواہ بطور بونس دی جائے گی۔
نوٹیفکیشن کے مطابق لمپ سم اور ڈیلی ویجز یعنی روزانہ اجرت پر کام کرنے والے ملازمین کو بھی مایوس نہیں کیا گیا اور انہیں ایک ماہ کی ابتدائی بنیادی تنخواہ کے برابر پرفارمنس انسینٹو دیا جائے گا۔
انتظامیہ نے واضح کیا ہے کہ اس بونس کے اہل صرف وہی ملازمین تصور ہوں گے جو کم از کم چھ ماہ سے کمپنی کے پے رول پر موجود ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : سرکاری ملازمین کا احتجاج، سڑکیں بند، خیبرپختونخوا حکومت سے بڑا مطالبہ
پیسکو انتظامیہ نے جہاں ملازمین کو یہ بڑی خوشخبری دی ہے، وہاں محکمے میں شفافیت برقرار رکھنے کے لیے سخت ترین شرائط بھی عائد کی ہیں۔ نوٹیفکیشن میں صاف کہا گیا ہے کہ کرپشن، بجلی چوری اور کسی بھی قسم کی بدعنوانی میں ملوث ملازمین اس بونس کے بالکل اہل نہیں ہوں گے اور انہیں اس سے دور رکھا جائے گا۔
نیب، ایف آئی اے یا دیگر تحقیقاتی اداروں کی انکوائریوں کا سامنا کرنے والے ملازمین اور محکمانہ طور پر بڑی سزا پانے والے عملے کو بھی اس پرفارمنس انسینٹو سے محروم رکھا جائے گا۔ کمپنی نے صارفین کی سہولت کو بھی پہلی ترجیح بنایا ہے تاکہ عوامی شکایات کا ازالہ بروقت ممکن ہو سکے۔
اس سلسلے میں نوٹیفکیشن میں انتباہ جاری کیا گیا ہے کہ نیٹ میٹرنگ اور بلنگ کنکشن کی فراہمی میں سستی یا تاخیر کرنے والے متعلقہ افسران کا بونس بند رہے گا۔ اس کے ساتھ ہی حکومت کے 118 کمپلینٹ پورٹل پر آنے والی عوامی شکایات کے حل میں سستی دکھانے والے عملے اور افسران کو بھی بونس سے محروم کر دیا جائے گا۔





