گلگت بلتستان اسمبلی کی 24 عام نشستوں پر انتخاب کے لیے پولنگ کا عمل شروع ہوگیا ہے۔
انتخابی شیڈول کے مطابق پولنگ کا عمل صبح 8 بجے سے شام 5 بجے تک بغیر کسی وقفے کے جاری رہے گا۔
ان عام انتخابات میں مسلم لیگ (ن)، پاکستان پیپلز پارٹی اور دیگر بڑی سیاسی جماعتوں و آزاد امیدواروں کے درمیان سخت اور کانٹے کا مقابلہ متوقع ہے۔
الیکشن کمیشن کے مطابق گلگت بلتستان میں اس بار مجموعی طور پر 9 لاکھ 58 ہزار 480 ووٹرز اپنے حقِ رائے دہی کا استعمال کریں گے۔
الیکشن کمیشن کے مطابق مرد ووٹرز 5 لاکھ 3 ہزار 772 جبکہ خواتین ووٹرز کی تعداد 4 لاکھ 54 ہزار 708 ہے۔
ووٹرز کی سہولت کے لیے خطے بھر میں مجموعی طور پر 2,447 پولنگ بوتھ قائم کیے گئے ہیں۔
اسمبلی کی 24 نشستوں پر قسمت آزمائی کے لیے ا 403 امیدوار میدان میں ہیں، الیکشن کمیشن نے سیکیورٹی اور شفافیت کو یقینی بنانے کے لیے خطے کے 24 حلقوں میں مجموعی طور پر 1,368 پولنگ اسٹیشنز قائم کیے ہیں، جن میں سے 830 پولنگ اسٹیشنز کو انتہائی حساس قرار دیا گیا ہے۔
سیکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیے گئے ہیں تاکہ امن و امان کی صورتحال برقرار رہے اور ووٹرز بلا خوف و خطر اپنا ووٹ کاسٹ کر سکیں۔





