اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے قلات میں این 25 پر فتنہ الہندوستان کے دہشت گردوں کے خلاف کامیاب کارروائی پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔
محسن نقوی نے کارروائی کے دوران 5 دہشت گردوں کو ہلاک کرنے اور 23 مغوی شہریوں کو بحفاظت بازیاب کرانے پر سیکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہا۔
وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ سیکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرکے فتنہ الہندوستان کے دہشت گردوں کے مذموم عزائم کو ناکام بنایا۔
یہ بھی پڑھیں : قلات میں سیکیورٹی فورسز کی کامیاب کارروائی،5 دہشتگرد جہنم واصل، 23 مغوی بھی بازیاب، آئی ایس پی آر
انہوں نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز نے جرات اور بہادری سے کارروائی کرتے ہوئے 23 شہریوں کو بحفاظت بازیاب کرایا۔ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پوری قوم سیکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ رات قلات میں این 25 پر فتنہ الہندوستان کے دہشت گردوں نے مسافر گاڑیوں کو نشانہ بنایا تھا، جس کے بعد سیکیورٹی فورسز نے کارروائی کرتے ہوئے 5 دہشت گردوں کو ہلاک اور 23 مغوی شہریوں کو بازیاب کرایا۔





