فیفا ورلڈ کپ 2026 کے آغاز سے قبل شائقینِ فٹ بال کے لیے ایک دلچسپ پیش رفت سامنے آئی ہے۔
معروف سپورٹس برانڈ ایڈیڈاس اور مقبول میسجنگ پلیٹ فارم واٹس ایپ نے ایک منفرد اشتراک کا اعلان کر دیا ہے۔
اس شراکت داری کے تحت دنیا بھر میں سب سے زیادہ استعمال ہونے والے فٹ بال ایموجی کو فیفا ورلڈ کپ 2026 کی آفیشل میچ بال ’’ٹرائی اونڈا‘‘ کی شکل دے دی گئی ہے جس سے فٹ بال کے مداحوں کو ایک نیا اور منفرد ڈیجیٹل تجربہ حاصل ہوگا۔
واٹس ایپ چیٹس میں استعمال ہونے والا روایتی فٹ بال ایموجی اب محض ایک عام آئیکن نہیں رہے گا بلکہ خودکار طور پر ورلڈ کپ کی آفیشل میچ بال ’’ٹرائی اونڈا‘‘ کے ڈیزائن میں تبدیل ہو جائے گا۔
ماہرین کے مطابق بظاہر یہ ایک معمولی تبدیلی محسوس ہوتی ہے تاہم اس اقدام کے پیچھے جدید دور کے ان کروڑوں فٹ بال شائقین کو مدنظر رکھا گیا ہے جو میچز کے دوران گروپ چیٹس، لائیو ری ایکشنز اور فوری پیغام رسانی کے ذریعے اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ اس جدید فیچر کے ذریعے فیفا ورلڈ کپ صرف اسٹیڈیمز اور ٹی وی اسکرینز تک محدود نہیں رہے گا بلکہ شائقین کی روزمرہ گفتگو اور ڈیجیٹل رابطوں کا بھی حصہ بن جائے گا۔
واضح رہے کہ فیفا ورلڈ کپ 2026 کا انعقاد 11 جون سے 19 جولائی تک امریکا، کینیڈا اور میکسیکو میں مشترکہ طور پر کیا جائے گا، جس میں دنیا بھر کی بہترین ٹیمیں عالمی فٹ بال کے سب سے بڑے اعزاز کے لیے میدان میں اتریں گی۔





