فیفا ورلڈ کپ 2026 کے آغاز سے قبل امریکا کی جانب سے ایرانی فٹبال وفد کے بعض ارکان کو ویزے جاری نہ کیے جانے کا معاملہ سامنے آیا ہے جس کے باعث ایرانی انتظامیہ کو مشکلات کا سامنا ہے۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق ایرانی سرکاری ٹیلی ویژن نے رپورٹ کیا ہے کہ ایران کی قومی فٹبال ٹیم کے کھلاڑیوں اور کوچنگ اسٹاف کو امریکا کی جانب سے ویزے جاری کر دیے گئے ہیں تاہم وفد میں شامل انتظامی اور مینجمنٹ سے تعلق رکھنے والے 15 ارکان کے ویزوں کا مسئلہ تاحال حل نہیں ہو سکا۔
رپورٹ کے مطابق ایران کی ٹیم فیفا ورلڈ کپ میں شرکت کیلئے روانہ ہوگئی ہے، میڈیا رپورٹس کے مطابق کھلاڑیوں تکنیکی عملے کے سفری دستاویزات مکمل ہیں لیکن انتظامی اسٹاف کے بعض ارکان کو ویزے جاری نہیں کیے گئے۔
شیڈول کے مطابق ایران کے گروپ مرحلے کے تمام میچز امریکا میں کھیلے جائیں گے جبکہ ٹیم کا بیس کیمپ میکسیکو میں قائم کیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: امریکا نے ایران فٹبال ٹیم کو ورلڈ کپ کے لیے ویزے جاری کر دیے
واضح رہے کہ فیفا ورلڈ کپ 2026 کا انعقاد امریکا، کینیڈا اور میکسیکو میں مشترکہ طور پر کیا جا رہا ہے۔ امریکی حکام کی جانب سے ویزوں کے اجرا میں تاخیر یا انکار کی وجوہات کے حوالے سے تاحال کوئی باضابطہ بیان سامنے نہیں آیا





