پشاور: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے 27 ستمبر کو اسلام آباد کی جانب مجوزہ لانگ مارچ کے حوالے سے پارٹی کی جانب سے مختلف مقامات پر دھرنوں اور کیمپوں کے منصوبے کی تفصیلات سامنے آگئی ہیں۔
پارٹی ذرائع کے مطابق اسلام آباد مارچ کے لیے خیبرپختونخوا میں 12 مقامات پر دھرنے دیے جائیں گے، جبکہ اسلام آباد کی جانب مرحلہ وار پیش قدمی کی حکمت عملی بھی تیار کی گئی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ خیبرپختونخوا کی حدود میں موٹروے اور جی ٹی روڈ کو بند کیا جائے گا۔ منصوبے کے مطابق پشاور، خیبر، نوشہرہ اور اکوڑہ خٹک کی جانب سے اٹک پل پر دھرنا دیا جائے گا، جبکہ ملاکنڈ، صوابی، مردان اور چارسدہ میں موٹروے پر دھرنے ہوں گے۔ جنوبی اضلاع میں خوشحال گڑھ کے مقام پر دھرنا دینے کی منصوبہ بندی کی گئی ہے۔
پارٹی تنظیموں کو دھرنوں کے لیے مختص مقامات کی تفصیلات بھی فراہم کردی گئی ہیں، جبکہ مارچ کی حتمی حکمت عملی طے کرنے کے لیے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے کل پشاور میں اجلاس طلب کرلیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : بی وائی ڈی نے پاکستان میں نئی گاڑی متعارف کرا دی
ذرائع کے مطابق ہری پور میں حطار، خانپور، جھاری کس اور مکھنیال جبکہ ہزارہ موٹروے پر کیمپ قائم کیے جائیں گے۔ ایبٹ آباد میں باریان اور کوہالہ، جبکہ صوابی میں ٹوپی اور ایم این موٹروے پر کیمپ کے مقامات مقرر کیے گئے ہیں۔
اسی طرح نوشہرہ میں خیرآباد کنڈ اٹک پل، لکی مروت میں کنڈل اور کوہاٹ میں خوشحال گڑھ کے مقامات پر کیمپ لگانے کی نشاندہی کی گئی ہے۔
پارٹی ذرائع کے مطابق تمام ارکان قومی و صوبائی اسمبلی اور سینیٹرز کو کیمپوں میں شرکت کے ساتھ ساتھ انتظامات کی ذمہ داری بھی سونپی گئی ہے۔
ہر ضلع کی جانب سے کیمپ میں آنے والے شرکا کے لیے خوراک، پینے کے پانی اور دیگر ضروری اشیا کا انتظام کیا جائے گا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ 27 ستمبر کو اسلام آباد مارچ کے فیصلے میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی، جبکہ کیمپ قائم کرنے کا مقصد کارکنوں کو سہولیات فراہم کرنا ہے۔
منصوبے کے مطابق اگر مارچ کے راستے میں رکاوٹ پیش آئی تو اسی مقام پر دھرنا دیا جائے گا۔ خیبرپختونخوا کے وزیراعلیٰ سہیل آفریدی پشاور سے مارچ کی قیادت کریں گے۔





