شہزاد نوید
سوات کی تحصیل مٹہ کے علاقے شکردرہ میں نامعلوم مسلح افراد نے ٹرانسپورٹ رہنما افضل گجر کی گاڑی پر اندھا دھند فائرنگ کر دی۔
مسلح افراد کے حملے کے بعد دونوں اطراف سے فائرنگ کا شدید تبادلہ ہوا جس کے دوران افضل گجر شدید زخمی ہو گئے جبکہ ان کا بیٹا بہرام اور گاڑی میں سوار دیگر دو افراد موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے۔
تمام جاں بحق ہونے والوں کی لاشوں اور زخمی ٹرانسپورٹ رہنما کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
افسوسناک واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری جائے وقوعہ پر پہنچ گئی ہے اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے پورے علاقے کو گھیرے میں لے لیا ہے۔
پولیس نے ملوّث ملزمان کی گرفتاری کے لیے علاقے میں بڑے پیمانے پر سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔





