خوارج بدامنی اور انتشار کے ذمہ دار ہیں، آزاد کشمیر کے لوگ امن پسند ہیں، حافظ طاہر اشرفی

اسلام آباد: چیئرمین پاکستان علماء کونسل و کوآرڈینیٹر قومی پیغام امن کمیٹی حافظ طاہر محمود اشرفی نے کہا ہے کہ بدامنی اور انتشار پھیلانے والے خوارج ہیں اور دشمن پروپیگنڈے اور افواہوں کے ذریعے معاشرے میں انتشار پیدا کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔

اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ دشمن افواہ سازی کے ذریعے قوم میں تقسیم پیدا کرنا چاہتا ہے، تاہم ریاست کے امن اور استحکام کے لیے تمام طبقات کو مل کر کردار ادا کرنا ہوگا۔ ان کے مطابق فتنہ الخوارج کے دہشتگرد اسلام کے نام پر بے گناہ افراد کا خون بہا رہے ہیں۔

حافظ طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ بھارت کو معرکۂ حق میں عبرتناک شکست ہوئی، جبکہ پاکستان نے مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر بھرپور انداز میں اجاگر کیا، جس کے بعد یہ مسئلہ دوبارہ عالمی توجہ کا مرکز بنا۔

انہوں نے مزید کہا کہ کالعدم عوامی ایکشن کمیٹی کا تشدد کا راستہ اختیار کرنا کسی صورت جائز نہیں، آزاد کشمیر کے عوام امن پسند اور محب وطن ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : خیبرپختونخوا اسمبلی کا اجلاس ایک بار پھر بغیر کارروائی کے ملتوی

ان کا کہنا تھا کہ آئینی اور سیاسی مسائل کا حل احتجاج کے بجائے پارلیمان کے اندر تلاش کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ امن کے لیے مثبت کردار ادا کیا ہے جسے دنیا بھر میں سراہا جاتا ہے۔

حافظ طاہر محمود اشرفی نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ کھڑا ہے اور ہر سطح پر ان کے حقوق کے لیے آواز بلند کرتا رہے گا۔

Scroll to Top