علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی: سمسٹر خزاں کے داخلوں کا شیڈول جاری

اسلام آباد: علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی (AIOU) نے سمسٹر خزاں 2026 کے داخلوں کا شیڈول جاری کر دیا ہے، جس کے تحت ملک بھر میں تمام تعلیمی پروگرامز میں داخلوں کا آغاز یکم جولائی 2026 سے ہوگا۔

یونیورسٹی کے مطابق میٹرک سے لے کر پی ایچ ڈی سطح تک تمام پروگرامز میں داخلے ایک ساتھ شروع کیے جائیں گے، جبکہ یہ سہولت چاروں صوبوں سمیت آزاد جموں و کشمیر، گلگت بلتستان اور شمالی علاقہ جات میں بھی دستیاب ہوگی۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی اور انٹرنیشنل طلبہ بھی مختلف تعلیمی پروگرامز میں داخلہ لے سکیں گے۔

انتظامیہ کے مطابق تمام پروگرامز کے داخلہ فارم اور پراسپکٹس یکم جولائی سے یونیورسٹی کی سرکاری ویب سائٹ [www.aiou.edu.pk](http://www.aiou.edu.pk) پر آن لائن دستیاب ہوں گے، جس کے ذریعے طلبہ گھر بیٹھے آسانی سے اپلائی کر سکیں گے۔

وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ناصر محمود نے ملک بھر میں قائم 53 علاقائی دفاتر کے ناظمین کو داخلوں کے حوالے سے خصوصی ہدایات جاری کر دی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : خوارج بدامنی اور انتشار کے ذمہ دار ہیں، آزاد کشمیر کے لوگ امن پسند ہیں، حافظ طاہر اشرفی

ہدایات کے مطابق داخلوں کے آغاز سے قبل تمام علاقائی کیمپسز میں سٹوڈنٹ فیسلیٹیشن ڈیسک قائم کیے جائیں گے، جہاں طلبہ کو داخلہ عمل سے متعلق رہنمائی فراہم کی جائے گی۔ ساتھ ہی آن لائن اپلائی کے لیے کمپیوٹر اور انٹرنیٹ کی مفت سہولت بھی دستیاب ہوگی۔

یونیورسٹی کا کہنا ہے کہ اس اقدام کا مقصد تعلیم تک رسائی کو آسان بنانا اور طلبہ کو جدید سہولیات کے ساتھ بہتر رہنمائی فراہم کرنا ہے۔

Scroll to Top