اب ہم بھی خاموش نہیں رہیں گے! قبائلی جرگے نے ٹی ٹی پی کیخلاف لشکر کشی کا اعلان کر دیا

اب ہم بھی خاموش نہیں رہیں گے! قبائلی جرگے نے ٹی ٹی پی کیخلاف لشکر کشی کا اعلان کر دیا

ملک پائند خان کلی میں ایک بڑے عوامی جرگے کا انعقاد کیا گیا جس میں قبائلی عمائدین، مشران اور مقامی افراد کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ جرگے کی صدارت ملک پائند خان نے کی، جبکہ شرکاء نے پاکستان تحریک طالبان (ٹی ٹی پی) کے خلاف متفقہ طور پر سخت موقف اختیار کرتے ہوئے لشکر کشی کا اعلان کیا۔

جرگے سے خطاب کرتے ہوئے ملک پائند خان نے کہا کہ اب وقت آ گیا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف فیصلہ کن کارروائی کی جائے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ وہ ریاست پاکستان اور پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑے ہو کر ٹی ٹی پی کے خاتمے کے لیے ہر ممکن کردار ادا کریں گے۔

ملک پائند خان نے اپنے خطاب میں سلمان بازئی کے واقعے کا حوالہ دیتے ہوئے شدید دکھ اور غم کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ “ہمارے نوجوان سلمان بازئی کو قتل کیا گیا، مگر اس کے بعد بھی ظلم ختم نہیں ہوا۔ آج 28 دن گزر چکے ہیں، اس کی لاش اب بھی پہاڑوں میں پڑی ہے۔ نہ اسے کفن دیا گیا، نہ دفنانے کی اجازت دی گئی۔ ہمیں اپنے ہی بیٹے کو سپردِ خاک کرنے کا حق بھی نہیں دیا گیا۔”

انہوں نے مزید کہا کہ دہشت گردوں نے مقامی آبادی کو اپنی ہی سرزمین پر جینا دوبھر کر دیا ہے۔ “ہمارے گھر تباہ کیے گئے، ہمیں اپنے علاقوں سے ہجرت پر مجبور کیا گیا، ہمارے خاندان دربدر ہوئے۔ جب آپ نے ہمیں اپنی زمین پر سکون سے رہنے نہیں دیا تو اب ہم بھی آپ کو سکون سے نہیں رہنے دیں گے۔”

جرگے میں شریک قبائلی مشران اور عوام نے ملک پائند خان کے مؤقف کی بھرپور حمایت کرتے ہوئے ٹی ٹی پی کے خلاف متحد ہونے کا اعلان کیا۔ شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ دہشت گرد عناصر کے خلاف اجتماعی مزاحمت کی جائے گی اور علاقے میں امن کے قیام کے لیے ہر ممکن اقدام اٹھایا جائے گا۔

جرگے کے اختتام پر شرکاء نے متفقہ طور پر دہشت گردی کے خلاف جدوجہد جاری رکھنے اور ریاستی اداروں کے ساتھ مکمل تعاون کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

Scroll to Top