اخونزادہ فضل حق
مردان کے پوش علاقے شیخ ملتون ٹاؤن میں پیش آنے والے تین افراد کے اندوہناک قتل کیس کا ڈراپ سین ہو گیا ہے جس کے بعد پولیس نے چار ملزمان کو گرفتار کر کے ان کے قبضے سے مسروقہ مال اور آلۂ قتل برآمد کر لیا ہے۔
ڈی پی او مردان مسعود احمد نے پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ واقعے کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے ایک اعلیٰ سطح کی خصوصی تفتیشی ٹیم تشکیل دی گئی تھی۔ اس ٹیم نے جدید سائنسی بنیادوں اور تکنیکی شواہد کو بروئے کار لاتے ہوئے مختصر وقت میں کیس کا سراغ لگایا۔
گرفتار ملزمان میں عماد، جواد، عاطف اور سنان شامل ہیں جبکہ واردات میں ملوث پانچویں ملزم اشرف کی گرفتاری کے لیے پولیس کی چھاپہ مار ٹیمیں سرگرم عمل ہیں۔
ابتدائی تفتیش سے معلوم ہوا ہے کہ ملزمان کا مقتولین کے گھر آنا جانا تھا اور انہوں نے بدنیتی کی بنیاد پر موبائل فون اور گاڑی چھیننے کی منصوبہ بندی کی۔ اس دوران ملزمان نے تینوں افراد کو بے دردی سے قتل کر دیا اور فرار ہوتے وقت دو کمسن بچوں کو بھی ساتھ لے گئے جنہیں پولیس نے بعد میں چارسدہ چوک کے قریب سے بحفاظت بازیاب کرایا۔
یہ بھی پڑھیں : مردان: شیخ ملتون ٹاؤن میں نامعلوم ملزمان کی فائرنگ، خاتون سمیت 3 افرادجاں بحق
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان کے قبضے سے مقتولین سے چھینی گئی موٹر کار اور دو پستول برآمد کر لیے گئے ہیں جو واردات میں استعمال ہوئے تھے۔
پولیس نے ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی ہے تاکہ واقعے کے تمام محرکات کو مکمل طور پر سامنے لایا جا سکے اور ملوث ملزمان کو قانون کے مطابق سخت سزا دلائی جا سکے۔





