اسرائیل کا کرم ابو سالم اور رفح کراسنگ کھولنے کا اعلان

غزہ: اسرائیل نے اعلان کیا ہے کہ غزہ کی کرم ابو سالم اور رفح بارڈر کراسنگز کل سے دوبارہ کھول دی جائیں گی، جس کے تحت محدود انسانی نقل و حرکت اور امدادی سامان کی ترسیل کی اجازت دی جائے گی۔

اسرائیلی حکام کے مطابق رفح کراسنگ کو دونوں جانب سے لوگوں کی محدود آمدورفت کے لیے کھولا جائے گا، جبکہ کرم ابو سالم کراسنگ کے ذریعے غزہ میں انسانی امداد مرحلہ وار داخل کی جائے گی۔

حکام کا کہنا ہے کہ امدادی سامان کی ترسیل اور شہریوں کی نقل و حرکت سخت نگرانی اور طے شدہ ضوابط کے تحت ہوگی تاکہ سیکیورٹی صورتحال کو یقینی بنایا جا سکے۔

رپورٹس کے مطابق اسرائیل نے رواں سال مارچ میں ان دونوں سرحدی گزرگاہوں کو بند کر دیا تھا، جس کے باعث غزہ میں انسانی امداد کی فراہمی اور شہریوں کی آمدورفت شدید متاثر ہوئی تھی۔

یہ بھی پڑھیں : پاکستان نے افغانستان سے دہشتگرد حملوں کو عالمی امن کیلئے خطرہ قرار دے دیا

عرب میڈیا کے مطابق ان پابندیوں کے باعث خطے میں انسانی بحران کی صورتحال مزید سنگین ہو گئی تھی، جبکہ اب کراسنگز کی جزوی بحالی کو ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔

اسرائیلی اعلان کے مطابق یہ اقدام مرحلہ وار بنیادوں پر نافذ کیا جائے گا اور حالات کے مطابق اس میں مزید توسیع یا تبدیلی کی جا سکتی ہے۔

Scroll to Top