پشاور: پاکستان تحریک انصاف کی قیادت نے خیبرپختونخوا میں ناراض اراکینِ اسمبلی سے جاری مذاکراتی عمل روکنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
پارٹی کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق پارلیمانی اور سیاسی رابطہ کمیٹی کو ہدایت دی گئی ہے کہ ایسے اراکین سے رابطہ نہ کیا جائے جنہوں نے پارٹی یا حکومتی معاملات کو میڈیا پر اٹھایا ہے۔
پی ٹی آئی خیبرپختونخوا نے پارٹی نظم و ضبط سے متعلق باضابطہ ہدایت نامہ جاری کردیا۔
پارٹی قیادت نے اراکین اسمبلی کو ہدایت کی ہے کہ اندرونی اختلافات، شکایات یا تحفظات میڈیا میں لانے کے بجائے پارٹی فورمز پر اٹھائے جائیں۔ ہدایت نامے میں واضح کیا گیا ہے کہ پارٹی معاملات کو عوامی سطح پر… pic.twitter.com/hk6cWFfGES— Ijaz Afridi (@iamijaz1108) June 10, 2026
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ جو اراکین پارٹی نظم و ضبط کو کمزور کرنے یا پارٹی پر دباؤ ڈالنے کی کوشش کریں گے، ان سے کسی قسم کا باضابطہ رابطہ نہیں رکھا جائے گا۔
مزید کہا گیا ہے کہ جن ارکان کو شکایات یا مسائل درپیش ہیں، انہیں مناسب پارٹی فورم پر سنا جا رہا ہے اور ان کے معاملات کو اندرونی سطح پر حل کیا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں : پی ٹی آئی میں برف پگھلنے لگی؟ بیرسٹر گوہر کے رابطے، ناراض اراکین مذاکرات پر آمادہ
پارٹی قیادت کے مطابق ایسے اراکین جنہوں نے اپنے تحفظات قیادت کے سامنے رکھے ہیں، ان کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر دیکھا جائے گا، تاہم میڈیا بیانات کے ذریعے دباؤ ڈالنے یا اندرونی معاملات کو عوامی سطح پر لانے کی حوصلہ افزائی نہیں کی جائے گی۔





