گلگت بلتستان کی حکومت سازی سے متعلق موجودہ نمبر گیم میں تبدیلی آئے گی، رانا ثنااللہ

اسلام آباد: وزیراعظم کے مشیر رانا ثنااللہ نے دعویٰ کیا ہے کہ گلگت بلتستان میں حکومت سازی سے متعلق موجودہ نمبر گیم میں جلد تبدیلی دیکھنے کو ملے گی۔

نجی ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے رانا ثنااللہ نے کہا کہ 15 تاریخ کو حکومت سازی سے متعلق حتمی نمبر گیم سامنے آئے گی، جس کے بعد صورتحال واضح ہو جائے گی۔ ان کے مطابق انہیں توقع ہے کہ مزید دو سے تین نشستیں ان کے سیاسی اتحاد کو حاصل ہوں گی۔

رانا ثنااللہ نے یہ بھی کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے ان سے کسی قسم کا رابطہ نہیں کیا۔

دوسری جانب پیپلز پارٹی کے رہنما ندیم افضل چن نے دعویٰ کیا کہ ان کی جماعت کو مطلوبہ اکثریت کے لیے درکار مزید تین نشستیں حاصل ہو جائیں گی، جس کے بعد حکومت سازی میں ان کا پوزیشن مزید مضبوط ہو جائے گا۔

ادھر پی ٹی آئی کے رہنما شہرام ترکئی نے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ان کی جماعت کے لیے اپوزیشن میں رہنا زیادہ بہتر ہوگا۔

یہ بھی پڑھیں : خیبرپختونخوا میں گرمیوں کی چھٹیوں کا اعلان، نوٹیفکیشن جاری

واضح رہے کہ گلگت بلتستان میں انتخابات کے بعد حکومت سازی کے لیے سیاسی جوڑ توڑ جاری ہے، جہاں 17 نشستوں کی سادہ اکثریت درکار ہے۔

موجودہ صورتحال کے مطابق پیپلز پارٹی 10 نشستوں کے ساتھ سب سے آگے ہے، جبکہ آزاد امیدوار 7 اور پاکستان مسلم لیگ (ن) 6 نشستیں رکھتی ہے۔ سیاسی ماہرین کے مطابق حکومت بنانے کے لیے پیپلز پارٹی کو آزاد ارکان کی حمایت حاصل کرنے پر غور کرنا ہوگا۔

ذرائع کے مطابق 15 جون کو پانچ حلقوں کے 26 پولنگ اسٹیشنز پر ری پولنگ کے بعد حتمی نتائج سامنے آئیں گے، جس کے بعد گلگت بلتستان کی حکومت سازی کی تصویر مزید واضح ہو جائے گی۔

Scroll to Top